بی بی سی نے دنیا کی سب سے دلچسپ ٹی 20 کرکٹ لیگز کی فہرست جاری کی ہے، جس میں پاکستان سپر لیگ نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے دوسرا نمبر حاصل کیا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق، بی بی سی نے CricViz کے ڈیٹا کی بنیاد پر ہر لیگ کا “انٹرٹینمنٹ انڈیکس” تیار کیا، جس میں انڈین پریمیئر لیگ پہلے نمبر پر رہی جبکہ پاکستان سپر لیگ نے اپنی کارکردگی اور سنسنی خیز مقابلوں کی بدولت دنیا کی دوسری سب سے دلچسپ لیگ کا اعزاز اپنے نام کیا۔
اعداد و شمار کے مطابق، پی ایس ایل میں فی میچ اوسط پہلی اننگز کا سکور 180 رنز رہا، جو کہ آئی پی ایل کے 179 رنز فی اننگ سے معمولی فرق کے ساتھ زیادہ ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پی ایس ایل کے 27.5 فیصد میچز آخری اوور میں فیصلہ کن ثابت ہوئے، جو آئی پی ایل کے 28.9 فیصد کے بالکل قریب ہے۔ اس کے علاوہ، اس لیگ میں فی میچ اوسطاً 30 چوکے اور 14 چھکے لگے، جس نے شائقین کے لیے سنسنی اور مزہ دوبالا کر دیا۔
کھلاڑیوں کے معیار کے اعتبار سے بھی پاکستان سپر لیگ نمایاں رہی، کیونکہ لیگ میں شامل کھلاڑیوں کے پاس اوسطاً 351 بین الاقوامی کیپس موجود ہیں، جو دنیا کی کئی مشہور لیگز سے کہیں زیادہ ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پی ایس ایل میں نہ صرف بڑے نام شامل ہوتے ہیں بلکہ یہاں کرکٹ کا معیار بھی عالمی سطح کا ہے۔
اگرچہ آئی پی ایل اب بھی مالی لحاظ سے سب سے بڑی اور سب سے زیادہ مشہور لیگ ہے، لیکن پی ایس ایل نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ کرکٹ کی اصل دلچسپی صرف بڑے بجٹ یا بڑے اسٹیڈیمز میں نہیں، بلکہ اصل کشش سنسنی خیز مقابلوں، اعلیٰ کارکردگی اور غیر متوقع نتائج میں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان سپر لیگ دنیا بھر میں کرکٹ کے مداحوں کی پسندیدہ ٹی 20 لیگز میں شامل ہو چکی ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں